ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گھمسان کے بعد ایڈی یورپا کایو ٹرن۔ ٹو وہیلرس پر بندش برقرار، آئی ٹی بی ٹی کمپنیوں میں ضروری خدمات کی اجازت، تعمیرات بحال

گھمسان کے بعد ایڈی یورپا کایو ٹرن۔ ٹو وہیلرس پر بندش برقرار، آئی ٹی بی ٹی کمپنیوں میں ضروری خدمات کی اجازت، تعمیرات بحال

Sun, 19 Apr 2020 10:55:24    S.O. News Service

بنگلورو،19؍اپریل(ایس او نیوز)20؍اپریل سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلہ کے خلاف مچے زبردست گھمسان کے بعد آخر کار ایڈی یورپا حکومت نے یو ٹرن لیتے ہوئے ٹو وہیلرس پر بندش ہٹانے کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن موجودہ حالت میں برقرار رہے گا اور مرکزی حکومت کی ہدایت کے بعد ہی اس میں کوئی تبدیلی ہوگی۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے 20؍اپریل سے ریاست میں کوروناو ائرس سے بچنے کے لئے نافذلاک ڈاؤن میں کچھ حد تک نرمی لانے کا اعلان کیا تھا۔لیکن اس فیصلے کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ کو کئی حلقوں سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ اپوزیش پارٹیوں کے علاوہ ان کی کابینہ کے رفقاء نے بھی اس یکطرفہ فیصلے کی شدید مخالفت کی اور اندیشہ ظاہر کیا کہ اگر اس فیصلے کو نافذ کردیا گیاتوریاست میں کوروناوائرس کے حالات ٹھیک اسی طرح قابو سے باہر ہو جائیں گے جس طرح مہاراشٹرا میں ہوئے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیاکہ لاک ڈاؤن میں غیر معمولی نرمی لانے وزیر اعلیٰ کے فیصلہ پر ریاست کا محکمہ داخلہ بھی ناراض تھا اور حکومت کو اس محکمہ کے اعلیٰ افسروں نے بتایا کہ اگر اس کو نافذ کیا جائے گا تو کورونا وائرس کے سبب ہونے والی تباہی کیلئے وہ ذمہ دار نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ ہفتہ کی صبح اعلیٰ افسرو ں او روزراء کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعدوزیر اعلیٰ نے میڈیا کانفرنس کے دوران لاک ڈاؤن میں کچھ حد تک نرمی لانے کے متعلق اعلانات کئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے یہ طے کیا ہے کہ 20/ اپریل کے بعد سے بنگلورو میں لاک ڈاؤن کے دوران ٹو وہیلرس کو آنے جانے کی عام اجازت دے دی جائے۔اس کے علاوہ انہوں نے اعلان کیا کہ بنگلورو کی آئی ٹی بی ٹی کمپنیوں میں 33فیصد عملہ کو کام پر آنے جانے کی اجازت دے دی جائے۔ اس کے علاوہ حکومت نے پیر سے 33فیصد سرکاری ملازمین کو بھی حاضر ہونے کی ہدایت دے دی۔وزیر اعلیٰ نے جو اعلانات کئے وہ کچھ اس طرح ہیں:

کنٹین منٹ زون:کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی نشاندہی جن علاقوں سے کی جائے گی۔ان علاقوں کو کنٹین میٹ زون قرار دیے کر یہاں لاک ڈاؤن کو انتہائی سختی سے نافذ کیا جائے گا۔ہر کنٹین منٹ زورن کے لئے ایک انسی ڈینٹ کمانڈر کا تقرر کیا جائے گا اوراس افسر کو لاک ڈاؤن کی پامالی کرنے والوں سے نپٹنے کے لئے مجٹسٹریٹ درجے کے اختیارات دیئے جائیں گے۔ ان علاقوں میں پولیس اور محکمہ صحت کے افسروں پر مشتمل ایک ٹیم ترتیب دی جائے گی۔ اس ٹیم کی طرف سے کنٹین منٹ زون کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔جن علاقوں کو کنٹین منٹ زون قرار دیا جائے گا ان میں لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد رہے گی۔ اشیائے ضروریہ ان کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے۔ان سے جڑے ہوئے علاقو ں کو بفرزون قرار دے کر وہاں کی بھی مکمل نگرانی کی جائے گی-وزیر اعلیٰ نے اعلان کیاتھا کہ مزدوروں کی نقل مکانی سے جس طرح کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں اس کو قابو میں کرنے کے لئے حکومت نے تعمیراتی سرگرمیوں کو شروع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پروڈکشن پر مبنی صنعتوں اور شہری علاقوں میں ایس ای زیڈ، صنعتی علاقوں، صنعتی ٹاؤن شپ وغیرہ کی تعمیر جاری رکھنے کی اجازت دی جا چکی ہے-

بین ضلعی سفر کی اجازت نہیں: وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے اختتام تک بین ضلعی سفر پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔ البتہ بنگلورو، بنگلورو رورل اور رام نگرم ضلع میں چونکہ بہت سارے پراجیکٹوں پر کام جاری ہے اور ان علاقوں میں مزدوروں کو آنے جانے کی سہولت درکار ہے اس لئے حکومت نے عارضی طور پر ان تینوں اضلاع کو ایک ماننے کا فیصلہ لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعمیراتی مزدوروں سے کام لینے کے لئے بلڈروں کو اجازت اسی بنیاد پر ہو گی کہ وہ تمام مزدوروں کے لئے کھانے کا انتظام اپنی طرف سے کریں اور پراجیکٹ کی سائٹ پر ہی اس کا انتظام کیا جائے-

آئی ٹی بی ٹی کمپنیوں کومشروط اجازت: ریاستی حکومت نے آئی ٹی بی ٹی کمپنیوں کو یہ اجازت دیدی ہے کہ وہ اپنا کام شروع کر سکتی ہیں۔ لیکن اس کے لئے انہیں انتہائی ضروری عملہ سے ہی کام چلانا ہو گا۔البتہ ایسی آئی ٹی کمپنیا ں جو دیگر اضلاع میں ہیں ان کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی-

متعدد متاثرین زیر علاج:ایڈی یورپانے کہا کہ کرناٹک میں 262کورونا وائرس کے متاثرین زیرعلاج ہیں ریاست کے مختلف اضلاع کے سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں ان کا علاج سخت نگرانی میں کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے یہ طے کیا ہے کہ کورونا وائرس کا شکار ایسے مریض جن سے زیادہ خطرہ ہو ان کو علاج کے لئے ہائیڈرو کلروکوئین دیا جائے۔ اس کے لئے حکومت کی طرف سے درکار تمام منظوریاں دی جا چکی ہیں -

دیوے گوڈا خاندان نے لاک ڈاؤن کو پامال نہیں کیا: ایڈی یورپا نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ جمعہ کے روز سابق وزیر اعظم دیوے گوڈا کے پوتے اور سابق وزیر اعلیٰ کمارسوامی کے فرزند نکھل کمارسوامی کی شادی کے دوران لاک ڈاؤن ضوابط پامال کئے جانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیوے گوڑا کابہت بڑا خاندان ہے۔ کمارسوامی کے فرزند نکھل کی شادی کے لئے اس خاندان نے حکومت سے اجازت لی اور شادی میں بہت کم لوگوں کو مدعو کر کے لاک ڈاؤن کے ضابطہ کی پابندی کی ہے۔ اس کے لئے کمارسوامی کو وہ مبارکباد پیش کرتے ہیں -


Share: